بھٹکل 25 مارچ (ایس او نیوز) ہر سال کی طرح امسال بھی مارچ 27 اور 28 کو رنگوں کا ہولی تہوار پورے جوش وخروش کے ساتھ منایا جائے گا، جس کے پیش نظر شہر میں امن و امان کی بحالی کے ساتھ ہولی منائے جانے کے لئے ہندو مسلم پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں مذاہب کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
بھٹکل ڈی وائی ایس پی مسٹر کے یو بیلی اپّا نے اس موقع پر بتایا کہ گذشتہ سال کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے ہولی کا تہوار منایا نہیں جاسکا تھا، مگر اس بار حکومت کی طرف ضروری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہولی تہوار منائی جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ لہٰذا تمام گائیڈلائنس پر عمل کرتے ہوئے اس بار ہولی منائی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر تہوار منانے کےدوران دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی خیال رکھتے ہوئے ہولی تہوار منانے کی اپیل کی ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم دوسروں کا خیال رکھیں، تہوار منانے کے دوران کسی کے جذبات مجروح نہ ہونے پائے، ان باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
بھٹکل پی ایس آئی ہنومنت کوڈگنٹی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے، سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ میں میونسپل صدر پرویز قاسمجی، میونسپل چیف آفسر دیوراج سمیت شرکاء میں تنظیم کے انتظامیہ اراکین محمد صادق مٹا، اشفاق کے ایم، فیڈریشن صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، بی جے پی لیڈر گوند نائک، نامدھاری کمیونٹی صدر کرشنا نائک ، ٹی ڈی نائک و دیگر لوگ موجود تھے۔
